Friday, 9 December 2016

راستے کی رکاوٹ

Related image


ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک بادشاہ نے ایک شاہراہ بنوائی اور اس کے افتتاح کے لئے ایک ریس کا اعلان کیا اور کہا کہ اس ریس میں تمام شہری حصہ لیں اور اسکے اختتام پر شاہراہ کے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار بھی کریں اور جس کا نقطۂ نظر بادشاہ کو پسند آئے گا اسے انعام سے نوازا جائے گا ...
سب نے بڑے جوش و خروش سے ریس میں حصہ لیا. شاہراہ کے دوسرے سرے پر بادشاہ ریس کے شرکاء کے تاثرات پوچھتا رہا. کسی نے شاہراہ کی تھوڑی، کسی نے زیادہ تعریف کی، مگر سب نے بتایا کہ شاہراہ پر ایک جگہ بجری پڑی ہے. اگر اسے اٹھوا دیا جائے تو راہ چلنے اور دوڑنے والوں کے لیے بہت اچھا ہوگا ...
شام تک سب لوگ چلے گئے تو بادشاہ اٹھ کر جانے لگا. ایک سپاہی نے خبر دی کہ ریس میں حصہ لینے والوں میں سے ایک آدمی جو شاہراہ میں صبح سویرے داخل ہوا تھا ابھی آنا باقی ہے.
کچھ دیر بعد ایک ضعیف عمر کا شخص دھول میں لت پت تھکا ہارا ہاتھ میں ایک تھیلی پکڑے پہنچا اور ہانپتے ہوئے بادشاہ سے مخاطب ہوا جناب عالی! میں معافی چاہتا ہوں کہ آپ کو انتظار کرنا پڑا. دراصل راستے میں کچھ بجری پڑی تھی، میں نے سوچا اس کی وجہ سے گزرنے والے لوگوں کو تکلیف ہوگی، لہذا اسے ہٹانے میں کافی وقت لگ گیا. حضور لیکن! بجری کے نیچے سے یہ تھیلی ملی ہے، اس میں شاید کچھ سکے ہیں. ہو سکتا ہے سڑک بنانے والے مزدوروں میں سے کسی کے ہوں گے. اسے دے دیجئے گا.
وہ شخص اپنی بات ختم کر کے چلنے لگا تو بادشاہ نے کہا: بوڑھے میاں! یہ تھیلی اب آپکی ہے. کیونکہ یہ میں نے ہی وہاں رکھوائی تھی اور یہ تمہارا انعام ہے ...! پھر بادشاہ دوسرے حاضرین کی طرف مخاطب ہوتے ہوئے بولا: یہ بوڑھا ریس کے تمام شرکاء پر برتری لے گیا، دوسرے ریس کے شرکاء بس شکوے ہی کرتے رہے کہ فلاں فلاں جگہ بجری پڑی ہے لیکن اس کو ہٹانے کی کسی نے زحمت نہ کی.

دوستو عزیز! اگر دیکھا جائے تو ہم سب بھی مجموعی طور پر راستے کی اس "بجری" پر تو نالاں رہتے ہیں جو ہمارے راستے میں حائل ہے مگر اسکو ہٹانے کی کوشش نہیں کرتے. جس کا ذمہ دار کوئی حکمران یا ادارہ نہیں، خود ہم عام عوام ہیں. ہم میں سے ہر کوئی گفتار کا غازی تو بن جاتا ہے، مگر کوئی بھی کردار کا غازی بننے کو تیار نہیں ہے.
الله کرئے اب ہم لوگ بھی صرف باتیں بنانے کے بجائے اردگرد موجود چھوٹی موٹی "بجریاں" بھی ہٹانا شروع کر دیں. ایسا کرنے پر مجھے یقین ہے کہ ایک دن ہم اس حقیقی بادشاہ کی بارگاہ سے دنیا و آخرت میں انعام ضرور پائیں گے. ان شاء اللہ


Post a Comment

Search This Blog

Powered by Blogger.

Labels

favourite category

...
test section describtion

Whatsapp Button works on Mobile Device only